معروف کرپٹو ایکسچینج بائی بٹ ہیکرز کے نشانے پر آ گیا، جہاں تقریباً 1.5 بلین ڈالر کے ڈیجیٹل اثاثے چرائے گئے، جو کرپٹو کرنسی کی تاریخ کی سب سے بڑی چوری قرار دی جا رہی ہے۔ ایلیپٹک نامی بلاک چین تجزیاتی فرم کے مطابق، یہ حملہ لازارس گروپ نے کیا، جو شمالی کوریا کا بدنام زمانہ ہیکنگ نیٹ ورک ہے۔
ہیکرز نے بائی بٹ کے کولڈ والیٹ (آف لائن اسٹوریج) کو ہدف بنایا، جو عموماً زیادہ محفوظ سمجھا جاتا ہے۔ چرائے گئے فنڈز، جن میں زیادہ تر ایتھریم شامل تھا، تیزی سے مختلف اکاؤنٹس میں منتقل اور مختلف پلیٹ فارمز پر فروخت کر دیے گئے۔
بائی بٹ کے سی ای او بین ژاؤ نے ایک بیان میں وضاحت دی کہ دیگر کولڈ والیٹس محفوظ ہیں اور تمام وڈراولز معمول کے مطابق جاری ہیں۔ تاہم، حملے کے بعد صارفین میں خوف و ہراس پھیل گیا، اور بڑی تعداد میں فنڈز نکلوائے گئے۔
ایلیپٹک کے مطابق، انہوں نے چوری شدہ کرپٹو کے والیٹ ایڈریسز کو ٹیگ کر دیا ہے تاکہ اسے مزید کیش کرانے سے روکا جا سکے۔
اس حملے نے کرپٹو انڈسٹری میں سیکیورٹی خدشات کو مزید بڑھا دیا ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ جب تک ہیکرز کے لیے چوری شدہ اثاثے منتقل کرنا مشکل نہیں بنایا جاتا، ایسے سائبر حملے جاری رہ سکتے ہیں۔