رامپور: افطار کے اعلان پر کارروائی، امام سمیت سات افراد گرفتار

رامپور: رمضان المبارک کے پہلے روز یوپی کے رامپور میں ایک مسجد میں چھوٹے لاؤڈ اسپیکر کے ذریعے افطار کا اعلان کرنے پر پولیس نے سخت کارروائی کی۔ حکام نے مسجد کے امام سمیت سات افراد کو گرفتار کرکے جیل بھیج دیا۔

یہ واقعہ ٹانڈہ علاقے کے سید نگر چوکی کے قریب مانک پور بنجاریا گاؤں میں پیش آیا، جہاں ایک چھوٹی مسجد موجود ہے جو تقریباً 20 سال پرانی ہے۔ مقامی افراد یہاں باجماعت نماز ادا کرتے ہیں، اور اتوار کی شام انہوں نے مسجد پر ایک چھوٹا اسپیکر لگا کر افطار کا اعلان کیا۔

اس اعلان پر کچھ افراد نے اعتراض کیا اور یوپی 112 پر شکایت درج کروا دی، جس کے بعد یہ معاملہ لکھنؤ تک پہنچ گیا۔ حکام نے فوری کارروائی کرتے ہوئے اعلیٰ پولیس افسران کو موقع پر روانہ کیا اور قریبی تھانوں، بشمول عظیم نگر، سوار، اور ٹانڈہ کی پولیس فورس کو بھی طلب کر لیا۔

پولیس کے پہنچنے سے پہلے ہی گاؤں والوں نے لاؤڈ اسپیکر ہٹا دیا تھا، لیکن پولیس نے امام سمیت سات افراد کو گرفتار کر لیا۔ بغیر اجازت مذہبی مقام سے اعلان کرنے پر ان کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا اور انہیں جیل منتقل کر دیا گیا۔ گرفتار ہونے والوں میں مولانا رفیع، رضوان، عزیز، شوقین، شرافت، اور شفیع احمد شامل ہے.