نئی دہلی: بھارتی اسٹاک مارکیٹ میں غیر ملکی سرمایہ کاروں کی مسلسل فروخت کے باعث مندی کا رجحان برقرار ہے۔ فروری میں اب تک غیر ملکی سرمایہ کاروں نے بھارتی ایکویٹیز سے 27,141 کروڑ روپے نکال لیے ہیں، جس سے مارکیٹ پر منفی اثر پڑا ہے۔
منگل، 25 فروری 2025 کو سینسیکس میں اضافہ دیکھنے کو ملا، جبکہ نفٹی میں کمی رہی۔ سینسیکس (ٹاپ 30 کمپنیوں کا انڈیکس) 147.71 پوائنٹس کے اضافے کے ساتھ 74,602.12 پر بند ہوا۔ تاہم، نفٹی 50 (ٹاپ 50 کمپنیوں کا انڈیکس) 5.80 پوائنٹس کی کمی کے بعد 22,547.55 پوائنٹس پر بند ہوا۔
بھارتی ایکویٹیز طویل عرصے سے دباؤ میں ہیں۔ روپے کی قدر میں مسلسل کمی، امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے بھارت پر اضافی ٹیکس لگانے کی دھمکی، اور 1 فروری کو پیش کیا گیا مرکزی بجٹ مارکیٹ کو متاثر کرنے والے عوامل میں شامل ہیں۔ مزید برآں، ریزرو بینک آف انڈیا کی مانیٹری پالیسی کمیٹی کا ریپو ریٹ میں25 بیسس پوائنٹس کی کمی کر کے 6.25% پر لانا بھی سرمایہ کاروں کو مطمئن نہیں کر سکا۔
یہ تمام عوامل بھارتی اسٹاک مارکیٹ میں غیر یقینی صورتحال کو بڑھا رہے ہیں، اور سرمایہ کار محتاط رویہ اپنا رہے ہیں۔