نئی دہلی: ماریشس کے وزیرِاعظم نوین رامگولام نے جمعہ کے روز اعلان کیا کہ بھارت کے وزیرِاعظم نریندر مودی ملک کے (57)ستاون ویں یومِ آزادی کی تقریبات میں بطور مہمانِ خصوصی شرکت کریں گے۔
پارلیمنٹ سے خطاب کرتے ہوئے رامگولام نے کہا کہ وزیرِاعظم مودی کی مصروفیات کے باوجود وہ ماریشس کے لیے اعزاز کی بات ہے کہ وہ ہماری دعوت پر یہاں تشریف لا رہے ہیں، خاص طور پر پیرس اور امریکہ کے حالیہ دوروں کے بعد۔
انہوں نے کہا، “مجھے یہ اعلان کرتے ہوئے بے حد خوشی محسوس ہو رہی ہے کہ میری دعوت پر بھارت کے وزیرِاعظم نریندر مودی نے ماریشس کے یومِ آزادی کی تقریبات میں بطور مہمانِ خصوصی شرکت کرنے پر رضامندی ظاہر کی ہے۔”
رامگولام نے مزید کہا، “یہ ہمارے ملک کے لیے ایک بڑا اعزاز ہے کہ ہم اتنی ممتاز شخصیت کی میزبانی کر رہے ہیں جو اپنی انتہائی مصروفیات کے باوجود ہمیں یہ عزت بخش رہے ہیں۔ وزیرِاعظم مودی کی یہ آمد دونوں ممالک کے قریبی تعلقات کی علامت ہے۔”
ماریشس بارہ مارچ کو اپنا یومِ آزادی منائے گا۔ گزشتہ سال بھارت کی صدر دروپدی مرمو چھپن ویں یومِ آزادی کی تقریبات میں بطور مہمانِ خصوصی شریک ہوئی تھیں۔
اس سے قبل، نومبر میں وزیرِاعظم مودی نے نوین رامگولام کو انتخابات میں کامیابی پر مبارکباد دی تھی۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر ایک پیغام میں وزیرِاعظم مودی نے کہا، “میرے دوست نوین رامگولام سے خوشگوار گفتگو ہوئی اور انہیں تاریخی انتخابی فتح پر مبارکباد دی۔ میں نے ان کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا اور بھارت کے دورے کی دعوت دی۔ ہم دونوں ممالک کے منفرد اور خاص تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے منتظر ہیں۔”
قابلِ ذکر ہے کہ یومِ ماریشس مشرقی افریقی ملک (1968)انیس سو اڑسٹھ میں برطانیہ سے آزادی اور(1992) انیس سو بانوے میں جمہوریہ بننے کی یاد میں منایا جاتا ہے۔