ٹرمپ کا ایران کے سپریم لیڈر کو خط: جوہری معاہدے پر مذاکرات کی پیشکش

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کے رہبر اعلیٰ آیت اللہ علی خامنہ ای کو ایک خط ارسال کرکے جوہری معاہدے پر مذاکرات کی دعوت دی ہے۔

بی بی سی فارسی کے مطابق، فاکس نیوز کو دیے گئے ایک انٹرویو میں صدر ٹرمپ نے کہا کہ وہ ایران کے ساتھ کسی معاہدے تک پہنچنے کو ترجیح دیتے ہیں۔ یہ انٹرویو جمعہ کے روز ‘فاکس نیوز بزنس’ پر نشر کیا گیا، جس میں انہوں نے واضح کیا کہ وہ مذاکرات کے ذریعے کسی متفقہ حل تک پہنچنا چاہتے ہیں۔

روئٹرز کے مطابق، صدر ٹرمپ نے جمعرات کو ایرانی قیادت کو ایک خط ارسال کیا، جس میں انہوں نے امید ظاہر کی کہ ایران بات چیت کے لیے تیار ہو جائے گا۔ ٹرمپ کا کہنا تھا، “میں نے کہا کہ مجھے امید ہے کہ آپ مذاکرات کے لیے تیار ہوں گے، کیونکہ یہ ایران کے مفاد میں ہوگا۔” انہوں نے مزید کہا کہ ایران کو اس خط کی ضرورت تھی، اور اگر بات چیت ممکن نہ ہوئی تو امریکہ کو دیگر اقدامات اٹھانے ہوں گے، کیونکہ مزید جوہری ہتھیاروں کی تیاری قابل قبول نہیں۔

دوسری جانب، روس کی وزارت خارجہ نے جمعہ کو اعلان کیا کہ نائب وزیر خارجہ سرگئی ریابکوف نے ایرانی سفیر کاظم جلالی سے ملاقات کی، جس میں ایران کے جوہری پروگرام اور اس کے حل کے لیے جاری عالمی کوششوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔