امپھال/نئی دہلی: منی پور میں صدر راج کے نفاذ کے بعد آج سے ریاست میں کہیں بھی سڑک بلاک کرنے کی اجازت نہیں ہے۔ مرکز کے اس اعلان کے بعد سیکورٹی فورسز کی نگرانی میں شہری بسوں نے اضلاع کے درمیان سفر دوبارہ شروع کر دیا۔
کوکی قبائل کے مظاہرین نے اس فیصلے کی سخت مخالفت کی اور آزاد نقل و حرکت کو اس وقت تک روکنے کا مطالبہ کیا جب تک کہ انہیں علیحدہ انتظامیہ کا درجہ نہ دیا جائے۔
کانگ پوکپی ضلع میں سیکیورٹی فورسز کی قیادت میں بارودی سرنگوں سے محفوظ گاڑیاں سڑکوں سے رکاوٹیں ہٹاتے ہوئے آگے بڑھتی رہیں۔ کوکی قبیلے کی کئی خواتین جو ہائی وے بلاک کرنے کی کوشش کر رہی تھیں، پولیس لاٹھی چارج کے دوران زخمی ہو گئیں۔
متعدد کوکی اکثریتی علاقوں میں جھڑپوں کی اطلاعات ملی ہیں، جہاں مظاہرین نے گاڑیوں پر پتھراؤ کیا، سڑکیں کھودیں، ٹائر جلائے اور رکاوٹیں کھڑی کیں۔
کوکی قبائل اور وادی میں اکثریت رکھنے والے میتئی برادری کے درمیان مئی 2023 سے زمین اور سیاسی حقوق پر تنازعہ جاری ہے، جس میں 250 سے زائد افراد ہلاک اور 50 ہزار کے قریب بے گھر ہو چکے ہیں۔
کوکی رہنما اور ان کے مسلح گروہ، جو حکومت کے ساتھ معاہدے میں شامل ہیں، آزاد نقل و حرکت کی بحالی سے پہلے علیحدہ انتظامیہ کا مطالبہ کر رہے ہیں، جبکہ میتئی تنظیمیں اس کی مخالفت کر رہی ہیں۔