ممبئی: مہاراشٹر کے وزیر اعلیٰ کے دفتر کو پاکستانی نمبر سے بم حملے کی دھمکی موصول ہوئی ہے، جس کے بعد ممبئی پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے اور اہم سرکاری عمارتوں کی سیکیورٹی مزید سخت کر دی گئی ہے۔
بدھ کی دوپہر وورلی ٹریفک پولیس کنٹرول روم کو ایک واٹس ایپ پیغام موصول ہوا، جس میں مہاراشٹر کے وزیر اعلیٰ کے دفتر پر حملے کی دھمکی دی گئی تھی۔ اس پیغام کا تعلق پاکستان کے ایک موبائل نمبر سے پایا گیا، جس کے بعد سیکیورٹی اداروں میں تشویش کی لہر دوڑ گئی۔
پولیس نے فوری طور پر معاملے کا نوٹس لیتے ہوئے مقدمہ درج کر لیا اور تفتیش کا آغاز کر دیا ہے۔ سیکیورٹی ادارے اس دھمکی کی صداقت جانچنے اور اس کے پس پردہ عناصر کا پتہ لگانے کی کوشش کر رہے ہیں۔
حکام کے مطابق وزیر اعلیٰ کے دفتر سمیت دیگر اہم سرکاری عمارتوں کی سیکیورٹی بڑھا دی گئی ہے تاکہ کسی بھی ممکنہ خطرے سے نمٹا جا سکے۔ تحقیقات جاری ہیں اور مزید تفصیلات کا انتظار کیا جا رہا ہے۔