کمبھ میلے میں ایک 48 سالہ شخص نے مبینہ طور پر اپنی 40 سالہ بیوی کو ناجائز تعلقات کے شبہ میں قتل کر دیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق، دہلی کے تریلوک پوری کا رہائشی اشوک کمار اپنی بیوی میناکشی کے ساتھ تعلقات کشیدہ ہونے کے باعث اسے کمبھ لے گیا اور وہاں قتل کرنے کی سازش رچی۔
پولیس کے مطابق، ملزم نے اپنی بیوی کے ساتھ جھگڑے کے بعد تیز دھار چاقو سے اس کا گلا کاٹ دیا اور قتل کے بعد خون آلود کپڑے اور ہتھیار کو میلے کے علاقے میں کچرے کے ڈبے میں پھینک کر فرار ہو گیا۔ قتل کے بعد، ملزم نے اپنے بچوں کو بتایا کہ ان کی ماں کمبھ میں گم ہو گئی ہے، تاکہ شک نہ ہو۔
لاش باتھ روم سے برآمد
اگلی صبح، 18 فروری کو خاتون کی لاش ایک باتھ روم سے برآمد ہوئی، جبکہ شوہر موقع سے غائب تھا۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس نے لاش کو قبضے میں لے کر پوسٹ مارٹم کے لیے بھیج دیا اور تفتیش کا آغاز کر دیا۔
قتل کی پیشگی منصوبہ بندی
تحقیقات میں یہ بات سامنے آئی کہ اشوک کمار کئی دنوں سے قتل کی منصوبہ بندی کر رہا تھا۔ پولیس حکام کے مطابق، اس نے اپنی بیوی کو کمبھ میلے میں بلایا تاکہ جرم کو چھپایا جا سکے۔ فی الحال پولیس ملزم کی تلاش میں ہے اور مزید تحقیقات جاری ہیں۔