بنگلورو: کرناٹک کے کوپّل ضلع میں ایک دل دہلا دینے والا واقعہ پیش آیا، جہاں جمعرات کی رات دو خواتین کے ساتھ اجتماعی زیادتی کی گئی۔ متاثرہ خواتین میں ایک 27 سالہ اسرائیلی سیاح اور ایک مقامی ہوم اسٹے کی مالک شامل ہیں۔
یہ خوفناک واقعہ اس وقت پیش آیا جب متاثرہ خواتین اپنے تین دیگر ساتھیوں کے ساتھ کنارے نہر پر ستاروں کا نظارہ کر رہی تھیں۔ ملزمان، جو موٹر سائیکل پر آئے تھے، پہلے پیٹرول کے بارے میں پوچھنے لگے اور پھر 100 روپے کا مطالبہ کیا۔ جب متاثرین نے انکار کیا تو حملہ آوروں نے تین مرد ساتھیوں پر حملہ کیا اور انہیں نہر میں دھکیل دیا۔ ان میں سے دو، ایک امریکی سیاح ڈینیئل اور مہاراشٹرا سے تعلق رکھنے والا پنکج، تیر کر باہر نکلنے میں کامیاب ہو گئے، مگر اوڈیشہ کا بباش نہر میں ڈوب گیا، جس کی لاش ہفتہ کی صبح ملی۔
پولیس سپرنٹنڈنٹ رام ایل ارسیدی نے بتایا کہ خواتین کو پہلے تشدد کا نشانہ بنایا گیا اور پھر زیادتی کی گئی۔ متاثرہ خواتین نے فوری طور پر پولیس کو اطلاع دی، جس کے بعد مقدمہ درج کر لیا گیا۔
پولیس نے تصدیق کی ہے کہ خواتین کا سرکاری اسپتال میں علاج جاری ہے اور اگر وہ چاہیں تو انہیں نجی اسپتال میں منتقل کیا جا سکتا ہے۔ اس خوفناک واقعے کے بعد پولیس نے دو خصوصی ٹیمیں تشکیل دی ہیں جو ملزمان کی شناخت اور گرفتاری کے لیے کام کر رہی ہیں۔
ضلع پولیس کا کہنا ہے کہ جلد از جلد ملزمان کو گرفتار کر لیا جائے گا اور متاثرین کو انصاف فراہم کیا جائے گا۔