حماس نے اعلان کیا ہے کہ اس نے ثالثوں کے ساتھ ایک معاہدہ کر لیا ہے جس کے تحت 620 فلسطینی قیدیوں اور زیر حراست افراد کی رہائی ممکن ہو گی، جنہیں اسرائیل نے گزشتہ ہفتے آزاد کرنا تھا۔
حماس کے اتحادی گروپ، “الناصر صلاح الدین بریگیڈز” نے کہا ہے کہ اسرائیلی قیدی اوہد یہالومی کی لاش ان چار افراد میں شامل ہے، جنہیں کل غزہ میں حوالے کیا جائے گا۔
دوسری جانب اسرائیل کی فوج نے دمشق کے جنوب میں شامی علاقوں پر فضائی حملے کیے، جن میں کم از کم دو افراد ہلاک ہو گئے۔ اسرائیلی فوج کے مطابق، شام کے جنوبی علاقے میں موجود فوجی ذرائع اور دستے اسرائیل کے لیے خطرہ ہیں، جس کے باعث یہ حملے کیے گئے۔
اقوام متحدہ کے ترجمان اسٹیفان دوجارک نے اسرائیل پر زور دیا ہے کہ وہ غزہ میں مزید خیمے اور پناہ گاہیں فراہم کرنے کی اجازت دے۔ شدید سردی کے باعث چھ فلسطینی نومولود بچوں کی ہائپوتھرمیا سے ہلاکت ہو چکی ہے۔
غزہ کی وزارت صحت کے مطابق، اسرائیلی حملوں کے نتیجے میں اب تک 48,348 فلسطینی شہید اور 111,761 زخمی ہو چکے ہیں۔ جبکہ غزہ کے گورنمنٹ میڈیا آفس کے مطابق مجموعی اموات 61,709 تک پہنچ چکی ہیں، کیونکہ ہزاروں افراد ملبے تلے دبے ہونے کے باعث مردہ تصور کیے جا رہے ہیں۔