غزہ میں 15 ماہ کی تباہ کن جنگ کے بعد ہر طرف ملبے کے ڈھیر اور تباہی کے آثار نمایاں ہیں۔ تقریباً ہر خاندان نے کسی نہ کسی عزیز کو کھو دیا، جبکہ کچھ خاندان مکمل طور پر ختم ہو گئے۔ تاہم، بے پناہ نقصان اور ہلاکتوں کے باوجود رمضان کی آمد پر غزہ کے باسیوں کا حوصلہ اور ایمان غیر متزلزل نظر آتا ہے۔
رمضان کے آغاز کے ساتھ ہی غزہ کے لوگ اپنے شہر کی صفائی میں مصروف دکھائی دیے، ملبے کے درمیان سڑکوں کو صاف کرتے اور ٹوٹی ہوئی دیواروں پر رنگ و روغن کرتے ہوئے نظر آئے۔ پہلے روزے کے موقع پر مختلف مقامات پر اجتماعی سحری اور افطار کا اہتمام کیا گیا۔ جنوبی شہر رفح میں طویل افطار میزوں کا منظر قابل دید تھا، جہاں مغرب کے وقت چراغاں کیا گیا اور کھنڈرات کے بیچ اہل غزہ نے اپنے عقیدے کا مظاہرہ کرتے ہوئے رمضان کی برکتوں کا جشن منایا۔