کابل: حالیہ دنوں میں افغانستان کا دورہ کرنے والے غیر ملکی سیاحوں کے اسلام قبول کرنے کے واقعات میں اضافہ دیکھا جا رہا ہے، جس پر عالمی انٹیلی جنس ایجنسیاں بھی غور کر رہی ہیں۔ مختلف ممالک کے شہریوں کا افغانستان آ کر مذہب تبدیل کرنا خفیہ اداروں کے لیے حیرت کا باعث بن گیا ہے، اور اسے کسی ممکنہ سازش کے طور پر بھی دیکھا جا رہا ہے۔
آئرلینڈ اور جاپان سمیت کئی ممالک کے سیاح افغانستان میں اسلام قبول کر رہے ہیں۔ حال ہی میں ایک آئرش نوجوان نے صوبہ غور میں مقامی عمائدین کی موجودگی میں اسلام قبول کیا اور عبداللہ نام اختیار کیا۔ اسی طرح کابل میں ایک جاپانی شہری نے بھی اسلام قبول کیا، جس کے بعد مقامی افراد نے اس کے لیے دعوت کا اہتمام کیا۔
کچھ ایجنسیوں کا ماننا ہے کہ چین بھی اپنے شہریوں کو اسلام قبول کرنے اور افغان شہریت حاصل کرنے کے لیے ایک خفیہ ایجنڈے پر کام کر رہا ہے، تاہم اس معاملے کی حقیقت ابھی تک واضح نہیں ہو سکی ہے۔