مکیش امبانی کی کمپنی ریلائنس انڈسٹریز پر حکومت کا 24,500 کروڑ روپے کا بھاری مطالبہ

نئی دہلی: مودی حکومت نے مکیش امبانی کی ملکیت والی ریلائنس انڈسٹریز لمیٹڈ سے 24,500 کروڑ روپے کی بھاری رقم کا مطالبہ کیا ہے۔ وزارت پٹرولیم و قدرتی گیس نے یہ مطالبہ دہلی ہائی کورٹ کے حالیہ فیصلے کے بعد کیا، جو او این جی سی کے گیس بلاک سے قدرتی گیس کے مبینہ بہاؤ سے متعلق طویل قانونی تنازعہ پر سنایا گیا تھا۔

ریلائنس کے علاوہ اس کے شراکت دار بی پی ایکسپلوریشن اور نکّو (نیکو) لمیٹڈ کو بھی نوٹس بھیجا گیا ہے۔ ریلائنس نے اپنے بیان میں کہا کہ اسے 3 مارچ کو حکومت کی جانب سے باضابطہ طور پر مطالبے کا خط موصول ہوا ہے۔

یہ معاملہ 2013 میں اس وقت سامنے آیا جب او این جی سی نے دعویٰ کیا کہ ریلائنس اور اس کے شراکت داروں نے غیر قانونی طور پر اس کے قریبی گیس بلاک سے فائدہ اٹھایا۔ حکومت نے ابتدائی طور پر 1.529 بلین ڈالر اور اس پر سود کا مطالبہ کیا تھا۔ تاہم، کمپنی نے اس مطالبے کو قانونی طور پر ناقابل قبول قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ وہ اس فیصلے کو اعلیٰ عدالتوں میں چیلنج کرے گی۔

ریلائنس نے مزید کہا کہ دہلی ہائی کورٹ کے ڈویژن بینچ کا فیصلہ اور یہ مطالبہ قانونی طور پر غیر مستحکم ہے، اور کمپنی کو کسی بھی مالی بوجھ کی توقع نہیں ہے۔

یہ خبر عام ہوتے ہی ریلائنس انڈسٹریز کے شیئرز میں کمی دیکھنے میں آئی، اور صبح 11 بجے تک اس کے شیئرز 1,172 روپے پر مستحکم نظر آئے۔