نئی دہلی: متحدہ عرب امارات (یو اے ای) میں سزائے موت کا سامنا کرنے والی بھارتی خاتون شاہزادی خان کو 15 فروری 2025 کو ابو ظہبی میں پھانسی دے دی گئی۔ وزارت خارجہ نے پیر کے روز دہلی ہائی کورٹ کو اس کی تصدیق کی۔
تیتیس سالہ شاہزادی خان، جو اتر پردیش کے باندا ضلع سے تعلق رکھتی تھیں، پر ایک چار ماہ کے بچے کے قتل کا الزام تھا۔ بھارتی سفارتخانے کو 28 فروری کو اماراتی حکومت سے ان کی پھانسی کی سرکاری اطلاع موصول ہوئی۔
ایڈیشنل سالیسٹر جنرل چیتن شرما نے بتایا کہ بھارتی حکام ہر ممکن مدد فراہم کر رہے ہیں اور شاہزادی خان کی آخری رسومات 5 مارچ 2025 کو ادا کی جائیں گی۔
یہ معاملہ اس وقت سامنے آیا جب ان کے والد شبیر خان نے دہلی ہائی کورٹ میں درخواست دائر کی تھی تاکہ اپنی بیٹی کی قانونی حیثیت اور خیریت کے بارے میں معلومات حاصل کی جا سکیں۔
شاہزادی 2021 میں قانونی ویزا پر ابو ظہبی گئی تھیں اور اگست 2022 میں ایک نوزائیدہ بچے کی دیکھ بھال کے لیے ملازمت حاصل کی تھی۔ دسمبر 2022 میں بچہ ویکسینیشن کے بعد انتقال کر گیا۔
درخواست میں الزام لگایا گیا کہ دسمبر 2023 میں ان سے زبردستی اعترافی بیان لیا گیا، جو تشدد اور دباؤ کا نتیجہ تھا۔