یو کے پولیس کو گیارہ سال بعد خاتون کے قتل کے شواہد مل گئے

برطانیہ میں پولیس نے گیارہ سال قبل اپنے شوہر کے ہاتھوں قتل ہونے والی خاتون کے باقیات دریافت کرلیے ہیں۔ رانیہ علائد، جو فلسطینی نژاد تھیں،جون 2013 میں احمد الخطیب نے سالفورڈ میں اپنے فلیٹ میں قتل کیا تھا۔ پولیس کے مطابق، یہ قتل نام نہاد “غیرت” کے نام پر کیا گیا تھا۔

عدالتی کارروائی میں یہ انکشاف ہوا کہ الخطیب نے رانیہ کو دھوکے سے اپنے فلیٹ میں بلا کر قتل کیا اور بعد میں اس کے کپڑے پہن کر اہل خانہ کو یقین دلانے کی کوشش کی کہ وہ زندہ ہے۔ پولیس نے کئی سال تک اس کی باقیات تلاش کیں لیکن کامیابی حاصل نہ ہوئی۔ تاہم، حالیہ معلومات کی بنیاد پر گریٹر مانچسٹر پولیس نے شمالی یارکشائر میں تلاش دوبارہ شروع کی، جس کے نتیجے میں انسانی باقیات دریافت ہوئیں۔

رانیہ کے بیٹے یازان نے کہا کہ “ہماری ماں کو آخری آرام گاہ دینا ہمارا خواب تھا، اور آج ہمیں یہ موقع مل رہا ہے۔” قتل کے وقت، رانیہ اپنے شوہر کے تشدد سے بچ کر نئی زندگی شروع کرنے کی کوشش کر رہی تھی۔ عدالت نے احمد الخطیب کو عمر قید کی سزا سنائی، اور جج نے کہا کہ “جس طرح آپ نے رانیہ کو موت کے بعد بے حرمتی کی، وہی سلوک آپ نے زندگی میں بھی کیا تھا۔”