نیو ٹاؤن کولکتہ میں زیادتی اور قتل کا واقعہ: بدھان نگر میں 100 سے زائد سی سی ٹی وی کیمرے نصب کرنے کا فیصلہ

نیو ٹاؤن کولکتہ: میں 14 سالہ بچی کے زیادتی اور قتل کے واقعے کے بعد بدھان نگر کمشنریٹ کے تحت 100 سے زائد سی سی ٹی وی کیمرے نصب کرنے کا عمل شروع کر دیا گیا ہے۔ پولیس نے خاص طور پر ان علاقوں کو ترجیح دی ہے جہاں روشنی کی کمی ہے اور جنہیں “ڈارک ایریاز” کہا جاتا ہے۔ اس کے علاوہ، راج رہٹ اور سالٹ لیک کے داخلی راستوں پر بھی نگرانی کے لیے کیمرے لگائے جا رہے ہیں۔

پولیس ذرائع کے مطابق، گزشتہ برس سالٹ لیک میں کئی مقامات پر مہنگے اے این پی آر کیمرے نصب کیے گئے تھے جو خودکار نمبر پلیٹ پڑھنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ اس بار نصب کیے جانے والے کیمروں میں پی ٹی زیڈ کیمرے شامل ہیں جو پین، ٹلٹ اور زوم کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ اب تک تقریباً 34 کیمرے نصب کیے جا چکے ہیں اور اہم مقامات جیسے سٹی سینٹر، ساہا انسٹی ٹیوٹ آف نیوکلیئر فزکس اور سی سی بلاک پوسٹ آفس میں سی سی ٹی وی کوریج بڑھا دی گئی ہے۔

نیو ٹاؤن کے پانچ پولیس اسٹیشنز کو ابتدائی طور پر 10-10 کیمرے فراہم کیے گئے ہیں، تاہم بعض مقامات پر ان کی تعداد میں اضافہ کیا جا سکتا ہے۔

ادھر، واقعے کے 15 روز کے اندر پولیس نے ای رکشہ ڈرائیور سومترا رائے عرف راج کے خلاف باراسات کی عدالت میں چارج شیٹ داخل کر دی ہے۔ 411 صفحات پر مشتمل اس چارج شیٹ میں قتل، زیادتی اور اغوا سمیت بچوں کے تحفظ کے قانون پوکسو ایکٹ کے تحت بھی دفعات شامل کی گئی ہیں۔ مقدمے کی سماعت مارچ کے پہلے ہفتے میں شروع ہونے کا امکان ہے۔