روہتک میں سوٹ کیس سے خاتون کی لاش برآمد، کانگریس کا دعویٰ: مقتولہ پارٹی کارکن تھی

ہریانہ کے روہتک میں ایک سوٹ کیس سے نامعلوم خاتون کی لاش ملنے کے بعد سیاسی ہلچل مچ گئی ہے۔ کانگریس نے دعویٰ کیا ہے کہ مقتولہ پارٹی کی کارکن تھی۔ یہ لاش جمعہ کے روز سمپلا بس اسٹینڈ کے قریب ایک بڑے نیلے رنگ کے سوٹ کیس میں ملی، جس کی اطلاع فوری طور پر سمپلا پولیس اسٹیشن کو دی گئی۔

پولیس اور فرانزک ٹیم نے موقع پر پہنچ کر تحقیقات کیں، جس سے معلوم ہوا کہ مقتولہ کی عمر تقریباً 20 سے 22 سال تھی۔ اس کے گلے میں دوپٹہ لپٹا ہوا تھا اور ہاتھوں پر مہندی لگی ہوئی تھی۔ پولیس کا ماننا ہے کہ خاتون کا قتل کرنے کے بعد لاش کو سڑک کنارے پھینک دیا گیا۔

سمپلا پولیس اسٹیشن کے ایس ایچ او بجیندر سنگھ نے بتایا کہ یہ قتل کا واقعہ لگتا ہے، مزید تحقیقات جاری ہیں اور مقدمہ درج کرکے قانونی کارروائی کی جائے گی۔

یہ معاملہ اس وقت سیاسی رخ اختیار کر گیا جب کانگریس ایم ایل اے بھارت بھوشن بترا نے دعویٰ کیا کہ مقتولہ ہمانی نارووال ایک متحرک کانگریس کارکن تھی، جو بھارت جوڑو یاترا میں راہل گاندھی کے ساتھ شریک رہی اور انتخابی مہم میں بھی بھوپندر ہڈا اور دیپندر ہڈا کے ساتھ سرگرم تھی۔

کانگریس ہریانہ کے صدر بھوپندر سنگھ ہڈا نے اس واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے ریاست کی امن و امان کی صورتحال پر بدنما داغ قرار دیا اور غیر جانبدار اعلیٰ سطحی تحقیقات کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ متاثرہ خاندان کو انصاف فراہم کیا جائے اور ملزمان کو سخت ترین سزا دی جائے۔