چمولی: اتراکھنڈ کے چمولی ضلع میں بدری ناتھ مندر سے تقریباً پانچ کلومیٹر دور سرحدی گاؤں مانا کے قریب ایک بڑا برفانی تودہ گرنے سے کم از کم 41 مزدور لاپتہ ہو گئے ہیں۔ یہ مزدور بارڈر روڈز آرگنائزیشن کے کیمپ میں تعینات تھے۔
واقعے کے وقت کیمپ میں کل 57 مزدور موجود تھے، جن میں سے 16 کو بچا کر مانا گاؤں کے فوجی کیمپ میں پہنچا دیا گیا ہے، جہاں ان کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔ اتراکھنڈ کے ڈائریکٹر جنرل آف پولیس دیپم سیٹھ نے بتایا کہ ریسکیو آپریشن جاری ہے، لیکن شدید برف باری اور تیز ہواؤں کے باعث مشکلات کا سامنا ہے۔
بارڈر روڈز آرگنائزیشن کے ایگزیکٹو انجینئر سی آر مینا نے بتایا کہ سڑکیں مکمل طور پر بند ہیں، اور برف ہٹانے کے لیے مشینری استعمال کی جا رہی ہے۔ چمولی کے ضلع مجسٹریٹ سندیپ تیواری کے مطابق خراب موسم کے سبب ہیلی کاپٹر سروس بھی ممکن نہیں۔
ریسکیو ٹیموں کو موقع پر بھیج دیا گیا ہے جبکہ فوج کو راستہ کھولنے کے لیے طلب کر لیا گیا ہے۔ اسٹیٹ ڈیزاسٹر ریسپانس فورس کی ٹیم جوشی مٹھ سے روانہ ہو چکی ہے جبکہ نیشنل ڈیزاسٹر ریسپانس فورس کی دو ٹیمیں بھی جلد پہنچ رہی ہیں۔
وزیر اعلیٰ پشکر سنگھ دھامی نے حادثے پر افسوس کا اظہار کیا اور ریسکیو آپریشن کی نگرانی کی۔ مرکزی وزراء راج ناتھ سنگھ اور امیت شاہ نے بھی مکمل مدد کی یقین دہانی کرائی۔ موسمیاتی محکمہ نے اتراکھنڈ میں شدید بارش کا الرٹ جاری کیا ہے۔