الہ آباد ہائی کورٹ نے جمعہ کے روز محکمہ آثار قدیمہ کو ہدایت دی کہ وہ رمضان سے پہلے سنبھل کی جامع مسجد کے احاطے کی صفائی کرے۔ تاہم، عدالت نے مسجد کی چونے سے سفیدی (وائٹ واش) کی اجازت نہیں دی۔
یہ حکم جامع مسجد کمیٹی کی درخواست پر دیا گیا، جس میں رمضان سے قبل مسجد کی صفائی اور سفیدی کی اجازت مانگی گئی تھی۔ جمعرات کو عدالت نے محکمہ آثار قدیمہ کو فوری طور پر مسجد کا معائنہ کرنے اور تین افسران کی ایک ٹیم بنانے کا حکم دیا، جو اپنی رپورٹ جمعہ کی صبح 10 بجے تک پیش کرے۔
محکمہ آثار قدیمہ کی رپورٹ میں بتایا گیا کہ مسجد کے اندرونی حصے میں پہلے ہی سیرامک پینٹ موجود ہے، اس لیے سفیدی کی ضرورت نہیں ہے۔ جمعہ کی سماعت کے دوران، جامع مسجد کمیٹی کے وکیل ایس ایف اے نقوی نے مؤقف اختیار کیا کہ وہ صرف سفیدی اور روشنی کے انتظامات کروانا چاہتے ہیں۔ اس پر عدالت نے محکمہ آثار قدیمہ کو ہدایت دی کہ وہ مسجد کے احاطے میں جمع مٹی اور گھاس کو صاف کرے۔
نقوی نے عدالت کو یقین دلایا کہ صفائی کے دوران کسی قسم کی رکاوٹ نہیں ہوگی، جبکہ سرکاری وکیل نے کہا کہ قانون و انتظام برقرار رکھا جائے گا۔