بنگلور: کرناٹک کے دارالحکومت بنگلور کے کورمنگلا علاقے میں ایک دل دہلا دینے والا واقعہ پیش آیا، جہاں چار افراد نے تینتیس سالہ خاتون کے ساتھ مبینہ طور پر اجتماعی زیادتی کی۔ یہ واقعہ بیس فروری کو پیش آیا۔
ہندوستان ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق، متاثرہ خاتون جو کہ ایک کیٹرنگ سروس میں کام کرتی ہے، جیوتر نواس کالج جنکشن پر کھڑی تھی جب ملزمان نے اس سے بات چیت شروع کی اور دوستی کرلی۔
پولیس میں درج شکایت کے مطابق، ملزمان نے پہلے خاتون کو ہوٹل میں کھانے کی دعوت دی اور پھر اسے ہوٹل کی چھت پر لے جا کر زیادتی کا نشانہ بنایا۔ زیادتی کے بعد ملزمان نے اسے دھمکایا کہ اگر اس نے کسی کو کچھ بتایا تو سنگین نتائج بھگتنا ہوں گے۔
اکیس فروری کی صبح، ملزمان نے خاتون کو چھوڑ دیا، جس کے بعد وہ گھر پہنچی اور اپنے شوہر کو سارا واقعہ بتایا۔
پولیس کے مطابق، ملزمان مختلف ہوٹلوں میں ملازم ہیں۔ پولیس نے تین ملزمان کو گرفتار کرلیا ہے جبکہ چوتھے کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔