ٹیسلا کی بھارت میں انٹری: ایلون مسک اپریل تک ریٹیل آپریشنز شروع کرنے کی تیاری میں

ٹیسلا کے سی ای او ایلون مسک رواں سال اپریل تک بھارت میں کمپنی کے ریٹیل آپریشنز شروع کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں، جس کے تحت ابتدائی طور پر برلن کے پلانٹ سے گاڑیاں درآمد کی جائیں گی۔ سی این بی سی-ٹی وی 18 نے بدھ کو ذرائع کے حوالے سے بتایا کہ ممبئی کے بی کے سیبزنس ڈسٹرکٹ اور دہلی کے ایرو سٹی میں شورومز کے لیے جگہیں منتخب کر لی گئی ہیں۔ ابتدائی منصوبے میں بھارتی مارکیٹ کے لیے ایک الیکٹرک گاڑی متعارف کرانے کا بھی ذکر ہے، جس کی قیمت 25,000 ڈالر (تقریباً 21 لاکھ روپے) سے کم ہوگی۔

ٹیسلا بھارت میں مینوفیکچرنگ کا ابھی کوئی فیصلہ نہیں کیا

اگرچہ ٹیسلا نے بھارت میں اپنی گاڑیوں کی مینوفیکچرنگ کے حوالے سے کوئی حتمی فیصلہ نہیں کیا، لیکن کمپنی بھارتی او ای ایم سپلائرز سے پرزہ جات کی خریداری میں اضافے کا ارادہ رکھتی ہے۔ سی این بی سی-ٹی وی 18 کے مطابق، یہ خریداری 2025 تک 1 بلین ڈالر سے تجاوز کر سکتی ہے۔

ٹیسلا کے شورومز کے لیے جگہیں منتخب

خبر رساں ایجنسی رائٹرز کے مطابق، ٹیسلا نے دہلی اور ممبئی میں دو شورومز کے لیے جگہیں فائنل کر لی ہیں، جو بھارت میں اپنی گاڑیاں فروخت کرنے کے دیرینہ منصوبے کے مزید قریب پہنچنے کی علامت ہے۔

امریکی کار ساز کمپنی نے گزشتہ سال کے آخر سے ہی بھارت میں شوروم اسپیس کی تلاش شروع کر دی تھی، تاکہ دنیا کی تیسری بڑی آٹو مارکیٹ میں اپنے قدم جما سکے۔ اس سے قبل 2022 میں ٹیسلا نے بھارت میں اپنی انٹری کے منصوبے کو ملتوی کر دیا تھا۔

گزشتہ ہفتے بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کی امریکہ میں ایلون مسک سے ملاقات ہوئی، جس میں اسپیس، موبیلیٹی اور ٹیکنالوجی جیسے موضوعات پر بات چیت کی گئی، رائٹرزنے رپورٹ کیا۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *